ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کے ہاتھوں میسورو دسہرہ تقریبات کا افتتاح

صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کے ہاتھوں میسورو دسہرہ تقریبات کا افتتاح

Mon, 26 Sep 2022 11:56:18    S.O. News Service

میسورو،26؍ستمبر (ایس او نیوز؍نامہ نگار)  26ستمبر کو دسہرہ کی تاریخ میں پہلی بار صدر جمہوریہ دروپدی مرمو میسور کے قریب واقع چامنڈی پہاڑی پر صبح9:45اور 10:05کے درمیان بین الاقوامی دسہرہ تقریبات کا افتتاح کریں گی۔ صدر جمہوریہ کی آمد کے پیش نظر چامنڈی پہاڑی کو دلہن کی طرح سجایا گیا ہے۔ صدر جمہویہ چامنڈیشوری کی مورتی پر پھول نچھاور کرکے دسہرہ تقریبات کا افتتاح کریں گی۔ ریاستی گورنر تھاورچند گہلوٹ اور وزیر اعلیٰ بسوراج بومئی بھی اس موقع پر موجود رہیں گے۔ صدر جمہوریہ صبح 9بجے خصوصی طیارے کیذریعہ دہلی سے میسور کے منڈکلی ایئر پورٹ پہنچیں گی۔ ریاستی گورنر تھاور چند گہلوٹ اور وزیر اعلیٰ بسوراج بومئی صدر جمہوریہ کا استقبال کریں گے۔ منڈکلی ائیر پورٹ سے صدر جمہوریہ کا قافلہ روڈ کے ذریعہ چامنڈی پہاڑی پرپہنچے گا۔ جہاں چامنڈی دیوی کے درشن اور مندر کے منتظمین کی جانب سے صدر جمہوریہ کو تہنیت پیش کی جائے گی۔جس کے بعد صدر جمہوریہ مندر کے باہر رکھی ہوئی چامنڈیشوری کی مورتی پر پھول نچھاور کرکے دس روزہ دسہرہ تقریبات کا افتتاح کریں گی۔ ہنسور، پریا پٹنہ اورایچ ڈی کوٹے کے قبائلی طبقے سے تعلق سے رکھنے چند افراد نے راشرپتی بھون سے صدر جمہوریہ کے ساتھ یادگار تصویر لینے کی گزارش کی تھی۔ ابتداء میں اس درخواست کو مسترد کردیا گیا تھا،لیکن بعد میں اس کی اجازت دے دی گئی۔اس لئے اب مندر کے قریب تصویر لینے کیلئے مخصوص جگہ بنائی گئی ہے اور قبائلی طبقے سے تعلق رکھنے والے 14/افراد کو منتخب کیا گیا ہے، جو صدر جمہوریہ کے ساتھ تصویر کھنچوائیں گے۔ دسہرہ تقریبات کے افتتاح کے بعد صدر جمہوریہ واپس منڈکلی ائیر پورٹ روانہ ہوجائیں گی، جہاں سے وہ خصوصی طیارے کے ذریعہ دھارواڑ روانہ ہوجائیں گی۔ صدر جمہوریہ کے ہمراہ وزیر اعلیٰ بسوراج بومئی بھی دھارواڑ روانہ ہونگے۔ 26ستمبر کی صبح سے 11:30بجے تک چامنڈی پہاڑی پر عوام کے داخلے پر پابندی عائد رہے گی اور مندر بھی عوام کیلئے بند رہے گا اور صدر جمہوریہ کے واپس ہونے کے بعد ہی عوام کو مندر میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔ آج بروز اتوار میسور ضلع کے انچارج وزیرا یس ٹی سوم شیکھر، رکن پارلیمان پرتاب سمہا، مئیر شیوکمار، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر بگادی گوتم، پولیس کمشنر ڈاکٹر چندر گپتا اور دوسرے سرکاری افسروں نے چامنڈی پہاڑ پر پہنچ کر تیاریوں کو جائزہ لیا اور ضروری ہدایات جاری کیں۔ افتتاحی تقریب میں صرف 1200/افراد کو شرکت کی اجازت دی گئی ہے۔ افتتاحی تقریب کیلئے بنائے گئے اسٹیج پر صرف13/افراد کو بیٹھنے کی اجازت دی گئی ہے۔ جن میں ریاستی گورنر تھاور چندگہلوٹ، وزیر اعلیٰ بسوراج بومئی، انچارج وزیرایس ٹی سوم شیکھر، مئیر شیوکمار اور رکن پارلیمان پرتاب سمہا بھی شامل ہیں۔ بروز پیر صدر جمہوریہ کی آمدکے پیش نظر پولیس کی جانب سے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔ دوپہر12:30 بجے کنڑا فلموں کے مشہور اداکار شیوراج کمار میسور کے کلامندر میں دسہرہ فلم فیسٹیول کا افتتاح کریں گے۔ دوپہر1بجے بھارت اسکاؤٹ اینڈ گائیڈس میدان میں انچارج وزیرا یس ٹی سوم شیکھرفوڈ میلہ کا افتتاح کریں گے۔ شام4بجے ریاستی وزیر برائے ٹورازم آنند سنگھ دسہرہ ایگزی بیشن کا افتتاح کریں گے۔ شام ساڑھے پانچ بجے ایس ٹی سوم شیکھر میسور کے شاہی محل کے احاطے میں فلور شو کا افتتاح کریں گے۔


Share: